پندرہ افراد گرفتار، 50کیلو گرام لکڑی ضبط، راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/19 اپریل ، ( سیاست نیوز) صندل کی لکڑی کے سارقوں کی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے راجندر نگر پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کرلیا اور 50 کیلو گرام صندل کی لکڑی گاڑی و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ اس سلسلہ میں اے سی پی راجندر نگر مسٹر اشوک چکرورتی نے بتایا کہ اصل سرغنہ 43 سالہ محمد معین،22 سالہ محمد مہتاب، 28 سالہ راتھوڑ پکیرا، 22 سالہ راتھوڑ سریش ، 24 سالہ این سراون، 23 سالہ وی انجیت کمار، 40 سالہ این سوریہ، 25 سالہ بنوٹ پربھو، 28 سالہ وی موہن، 40 سالہ راتھوڑ شیورام، 33 سالہ رتلہ سرینواس، 52 سالہ شیخ محمد غوث، 30 سالہ وی ییمبراول، 20 سالہ راج کمار اور 39 سالہ اشراف کو گرفتار کرلیا۔ اے سی پی راجندر نگر نے بتایا کہ یونیورسٹی اور آس پاس کے قریبی جنگلاتی علاقہ سے یہ ٹولی صندل کے درختوں کا سرقہ کرتی تھی۔پولیس نے سی سی ٹی وی کے ذریعہ ایک آٹو ڈرائیور کی مشتبہ نقل و حرکت کے بعد اس آٹو ڈرائیور کو حراست میں لیا تھا اور اس سے حاصل اطلاعات کی بنیاد پر 4خصوصی ٹیموں کو تشکیل دے کر اس ٹولی کو بے نقاب کیا جس کے سبب 7 مقدمات کی یکسوئی ہوئی ہے۔ اس ٹولی نے 30 تا 32 درختوں کا صفایا کردیا۔ معین جو اس ٹولی کا سرغنہ ہے اپنے حامیوں راتھوڑ و دیگر کو علاقہ میں روانہ کرتا تھا، پہلے اس ٹولی کے چند افراد درختوں کی شناخت کرتے تھے اور پھر بعد میں ان درختوں کو ٹولی کے دوسرے ارکان سرقہ کرتے تھے۔ درختوں کا سرقہ کرنے والوں سے معین حصہ طلب کرتا تھا اور مسروقہ صندل کے درخت 2 ہزار روپئے فی کیلو فروخت کیا کرتے تھے۔