صنعاء ایئرپورٹ اقوام متحدہ کی پروازوں کیلئے بند

   

یمن میں حوثی ملیشیا نے دارالحکومت صنعاء کے ہوائی اڈے کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کی پروازوں کے لیے بند کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ ملیشیا نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہوائی اڈے کی بندش کا آغاز کل چہارشنبہ کے روز سے ہو گا۔یہ بات بین الاقوامی طور پر غیر تسلیم شدہ حوثی حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ زکریا الشامی نے صنعاء میں ایک ایونٹ کے دوران دیے گئے بیان میں بتائی۔ الشامی کے مطابق تیل کی مصنوعات کے حامل بحری جہازوں کو حراست میں رکھنے اور انہیں الحدیدہ کی بندرگاہ میں داخل ہونے سے روکے رکھنے کے سبب یمنی عوام کے لیے انسانی المیے نے جنم لیا ہے۔صنعاء کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ اقوام متحدہ ، ریڈ کراس انٹرنیشنل ، ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز سمیت دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے امداد کی منتقلی اور اقوام متحدہ کے ملازمین کی آمد و رفت کے لیے بنیادی راستہ ہے۔رواں سال جولائی کے اواخر میں حوثی ملیشیا نے الحدیدہ کی بندرگاہ کے راستے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں پھر سے ایندھن کے داخلے کے حوالے سے یمنی حکومت کے منصوبے کو مسترد کر دیا تھا۔