صنعاء یونیورسٹی میں حوثیوں کا طلبہ وطالبات پر منظم حملہ

   

صنعاء : یمن میں دہشت گرد حوثی ملیشیا نے دارالحکومت کی صنعاء یونیورسٹی میں طلبہ پر دھاوا بول دیا۔ صنعاء یونیورسٹی کا شمار ملک کی سب سے بڑی سرکاری جامعات میں ہوتا ہے۔ یہ یونیورسٹی ان دنوں حوثیوں کے کنٹرول میں ہے۔ذرائع کے مطابق جامعہ میں کلیہ طب کے طلبہ وطالبات احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ فرسٹ ٹرم کے حتمی امتحانات کو ملتوی کیا جائے۔ اس کی وجہ بعض انتظامی امور اور طلبہ کے اپنے مسائل تھے۔ حوثی قیادت کی جانب سے مقرر کیے گئے کلیہ طب کے ڈین حسن المحبشی نے اس مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے مسلح حوثیوں کو بلا لیا تا کہ وہ طلبہ کا احتجاج کچل سکیں۔ذرائع نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کے مسلح غنڈوں نے احتجاجی طلبہ پر حملہ کر کے ان میں متعدد کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کیمپس کے اندر فائرنگ بھی کی۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ گردش میں ہے جس میں حوثی ملیشیا کے مسلح ارکان طلبہ و طالبات پر دھاوا بولتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں طلبہ یہ نعرہ لگاتے نظر آ رہے ہیں کہ “عوام ڈین کی برطرفی چاہتی ہے”۔