صنعاء : سعودی عرب کی قیادت والے فوجی اتحاد نے 20 دسمبر کو یمن کے دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے اس پر فضائی حملے کیے۔سعودی قیادت والے عسکری اتحاد کا کہنا ہے اس حملے میں ہوائی اڈے پر موجود ’’درست فوجی اہداف‘‘ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہوائی اڈے کی تنصیبات کو سرحد پار حملہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔العربیہ کے مطابق فوجی اتحاد نے حملے سے قبل ہی تمام شہریوں اور اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں پر زور دیا تھا کہ وہ اس علاقے کو خالی کر دیں۔ اس فضائی حملے سے ایئر پورٹ کو کیا نقصان پہنچا اس بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی ہلاکتوں سے متعلق کوئی واضح اطلاعات فراہم کی گئی ہیں۔سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں عسکری اتحاد نے چھ مقامات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان اہداف کو تباہ کرنے سے ہوائی اڈے کی آپریشنل صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اس سے قبل اتوار کے روز اتحاد نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے ایئرپورٹ سے داغے جانے والے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا جس کا مقصد سعودی سرزمین کو نشانہ بنانا تھا۔