کسانوں کو معاوضہ کی رقم بروقت ادا کی جائے ۔ عہدیداروں کو ضلع کلکٹر سنگاریڈی کی ہدایت ، جائزہ اجلاس کا انعقاد
سنگاریڈی ۔16 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں جاری باوقار منصوبہ نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ مینوفیکچرنگ زون (NIMZ) کے ساتھ ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ٹی جی آئی آئی سی) کے مختلف صنعتی منصوبوں کے لیے اراضی کے حصول کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضلع کلکٹر پی پراوینیا نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ کلکٹر کیمپ آفس سنگا ریڈی میں نِمز ریونیو اور ٹی جی آئی آئی سی کے عہدیداروں کے ساتھ اراضی کے حصول پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ زیر التوا اراضی حصول کے تمام معاملات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور کسانوں کو ادا کی جانے والی معاوضہ رقم بروقت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ نِمز فیز۔1 کے تحت باقی ماندہ اراضی کا حصول تیزی سے مکمل کرتے ہوئے اسے فوری طور پر نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NICDC) کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیز۔1 میں شامل بردی پور اور یلگوئی دیہات میں کچھ اراضی ابھی حاصل کی جانی باقی ہے، جبکہ فیز۔2 کے دائرہ میں آنے والے ہدنور گاؤں کے کچھ حصے کی بھی NICDC کی ضروریات کے لیے جلد از جلد اراضی حاصل کی جائے۔ عہدیداروں نے ضلع کلکٹر کو آگاہ کیا کہ NICDC کے لیے درکار اراضی میں سے اب تک تقریباً 93 فیصد اراضی حاصل کر کے ٹی جی آئی آئی سی کے حوالے کی جا چکی ہے۔ اس پر کلکٹر نے ہدایت دی کہ باقی ماندہ اراضی کے حصول کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کی پیش رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے واضح کیا کہ اراضی حصول کے عمل کو نہ صرف تیزی سے مکمل کیا جائے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ کسانوں کو فوری اور منصفانہ فائدہ پہنچے۔اس جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر مادھوری، نِمز خصوصی افسر وشالاکشی، سنگاریڈی آر ڈی او راجندر، ٹی جی آئی آئی سی زونل منیجر رتن راٹھوڑ، نِمڑ ڈپٹی تحصیلدار آنند کمار سمیت دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے ۔
