ملک کے تمام تاجرین کیلئے بہترین موقع، 80 ویں سالانہ نمائش کا افتتاح ، جناب محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے 80 ویں کُل ہند صنعتی نمائش 2020 کا افتتاح کیا۔ گذشتہ سال نمائش میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ کے بعد اس سال نمائش میں خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب محمود علی نے نمائش کا افتتاح انجام دینے کے بعد کہا کہ نمائش حیدرآبادی تہذیب کا ایک حصہ ہے اور گنگا جمنی تہذیب کا ایک بہترین نمونہ ہے۔ صنعتوں کی ترقی اور صنعت کاروں کے علاوہ تاجروں کو اپنی اشیاء کی فروخت میں نمائش کافی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش سوسائٹی نمائش سے ہونے والی آمدنی کا صد فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کرتی ہے۔ انہوں نے نمائش کو ملک میں منفرد قرار دیا اور کہا کہ سابق میں ہوئے سانحہ کے بعد عوام اور تاجرین کی حفاظت اور املاک کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب محمود علی نے نمائش سوسائٹی کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے ان انتظامات کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ نمائش کی 80 سالہ تاریخ میں کبھی اس طرح کے معیاری حفاظتی انتظامات کو انجام نہیں دیا گیا۔ انہوں نے نمائش کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نظام حیدرآباد نے 1938 میں اس کا آغاز کیا تھا، جو پہلے باغ عامہ میں منعقد ہوتی تھی۔ انہوں نے نمائش کے حفاظتی انتظامات اور ریاست میں جاری اقدامات کو ریاستی حکومت کا کارنامہ قرار دیا اور چیف منسٹر کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی اور بینکوں کو دی جانے والی سہولیات کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی کو مشورہ دیا کہ وہ نمائش کو 45 دن کے بجائے اس کی مدت میں توسیع کریں بلکہ صنعتی اور مینوفیکچررس صنعتوں کی نمائش کو بھی منعقد کرے۔تقریب میں وزیرٹی سرینواس یادو صدر نشین نمائش سوسائٹی و ریاستی وزیر صحت اٹالہ راجندر ، میئر حیدرآباد بی رام موہن، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد اکبر حسین، عثمانیہ گریجویٹ اسوسی ایشن کے ارکان بھی موجود تھے۔