سوسائٹی نے تمام درکار اجازت نامے حاصل کئے ‘ سکریٹری کی وضاحت
حیدرآباد۔28جنوری(سیاست نیوز) نمائش مکمل طور پر محفوظ ہے اور سوسائیٹی نے نمائش کے انعقاد سے قبل تمام درکار اجازت نامے حاصل کئے ہیں ۔ سکریٹری نمائش سوسائٹی بی اے راجیشور نے روزنامہ سیاست میں شائع خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نمائش 2026 کے انعقاد کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات سے اجازت اور این او سی حاصل کی ہوئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ خبر کی اشاعت اور بعض گوشوں کی جانب سے کی جانے والی شکایات کے بعد نمائش سوسائٹی سے طلب کی جانے والی وضاحتوں پر یہ بیان جاری کیا جا رہاہے ۔ سکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ 85ویں نمائش کے دوران مشاہدہ و سیاحت کیلئے پہنچنے والوں کے تحفظ کیلئے ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ نمائش میں قبل ازیں پیش آئے آتشزدگی واقعہ کے بعد نمائش میں آتش فرو آلات کی تنصیب کے ساتھ ساتھ سخت سیکوریٹی و صیانتی انتظامات کئے جانے لگے ہیں اور انہیں پہلے سے مزید بہتر بنایا جاچکا ہے۔ راجیشور نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی جاریہ نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے شب و روز سرگرم ہے جس کے نتیجہ میں نمائش کا مشاہدہ اور خریداری کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جار ہاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ نمائش کے آغاز سے اب تک مجموعی اعتبار سے 11لاکھ سے زائد افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا ہے ۔نمائش سوسائٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ سوسائٹی ہر سال نمائش کے انعقاد میں بہتری لانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر حادثات سے پاک نمائش کو یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔3