فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور محکمہ فائر سے این او سی حاصل نہ کرنے کا بھی الزام
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) کُل ہند صنعتی نمائش کو فی الفور بند کردینے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست مفاد عامہ داخل کی گئی ہے۔ توقع ہے کہ اس درخواست کی سماعت جمعہ کی دوپہر کی جائے ۔ واضح رہے کہ 30 جنوری کو نمائش میں آتشزدگی کا مہیب واقعہ پیش آیا تھا جس میں 300 سے زائد اسٹالس خاکستر ہوگئے تھے اور نمائش دو دن کیلئے بند کردی گئی تھی۔ لیکن نمائش سوسائٹی نے احتیاطی اور سلامتی اقدامات کئے بغیر2فروری کو نمائش کا احیاء کردیا تھا۔ شہر کے ایک وکیل خواجہ اعجاز الدین کی جانب سے داخل کی گئی درخواست مفاد عامہ میں یہ بتایا گیا ہے کہ حکومت اور نمائش سوسائٹی عوام کی جان و مال سے کھیل رہی ہے اور بغیر کوئی احتیاط برتے نمائش چلائی جارہی ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نمائش سوسائٹی کے صدر جو سابق وزیر ہیں اور برسر اقتدار پارٹی کے رکن اسمبلی ہیں کی وجہ سے اس واقعہ کی تحقیقات اطمینان بخش انداز میں نہیں کی جارہی ہے۔ درخواست گذار نے عدالت کو یہ واقف کروایا کہ محکمہ فائر کی جانب سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ ( این او سی ) حاصل کئے بغیر نمائش کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔ نمائش سوسائٹی تلنگانہ فائرسرویس ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نمائش سوسائٹی اور حکومت کی جانب سے برتی جارہی لاپرواہی سے عوام کی جان کو خطرہ درپیش ہے جس کے پیش نظر نمائش کو فوری بند کردیا جائے۔ اور اس سانحہ کی تحقیقات اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم یا سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ کروائی جائے اور نمائش سوسائٹی کے صدر کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے ۔ اس درخواست کی سماعت تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے اجلاس پر کی جائے گی۔