نمائش سوسائٹی کو اسٹال الاٹمنٹ کیلئے 2500 درخواستیں موصول
داخلہ ٹکٹ کی قیمت 50 روپے ہوگی
حیدرآباد۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) نمائش میدان نامپلی پر یکم جنوری تا 15 جنوری 2025، 45 دن تک منعقدہونے والی مشہور اور بڑی کل ہند صنعتی نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ نمائش سوسائٹی کو اسٹالس کے الاٹمنٹ کے لئے 2500 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور کمیٹی نے 2200 اسٹالس الاٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ نمائش سوسائٹی کے سکریٹری بی سریندر ریڈی نے کہا کہ ’’ایک علیحدہ الاٹمنٹ کمیٹی اس سے متعلق امور پر توجہ دیتی ہے اور اسٹالس کے الاٹمنٹ میں ان ٹریڈرس کو ترجیح دی جاتی ہے جنہوں نے اس نمائش میں پابندی سے اسٹالس لگا رہے ہیں۔ اس سال نمائش دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے داخلہ ٹکٹ کی قیمت میں گزشتہ سال کے مقابل 10 روپے اضافہ کرتے ہوئے اسے 40 روپے سے 50 روپے فی کس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’صنعتی نمائش میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لئے داخلہ مفت رہے گا اور پانچ سال سے زیادہ عمر والوں کے داخلہ ٹکٹ کی قیمت 50 روپے ہوگی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میں ہونے والے اخراجات میں اضافہ کی وجہ داخلہ ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ آل انڈیا انڈسٹریل ایگزیبیشن سوسائٹی کی جانب سے اس ایونٹ کے انعقاد سے ہونے والی آمدنی کو سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی تعلیم کے لئے فنڈ فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جانا ہے۔ اس نمائش میں ملک بھر سے ٹریڈرس اسٹاس لگاکر ان کے پراڈکٹس فروخت کرتے ہیں جس میں ہینڈلومس، ریڈی میڈ کپڑے، الیکٹرانک اشیاء، ہوم فرنشنگ اور کھلونوں کے اسٹالس لگاکر انہیں فروخت کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چاٹ، پانی پوری، حلیم، کبابس کے اسٹالس بھی ہوتے ہیں اور تفریحی آیونیو میں مختلف رائیڈس سے لطف اندوز ہونے کا موقع ہوتا ہے۔ ہفتہ کے دنوں میں نمائش رات 10:30 بجے تک کھلی رہے گی اور ویک اینڈس (ہفتہ اور اتوار) کو نمائش رات 11:00 بجے تک کھلی رہے گی۔