گمشدگی کی شکایت کے باوجود کوئی پتہ نہیں، مختلف شبہات، سازش کا بھی امکان
حیدرآباد۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) صنعت نگر حدود میں لڑکیوں، مسلم لڑکیوں اور خاتون کے لاپتہ ہونے کے سبب خوف پیدا ہوگیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران علاقہ جات پدماوتی نگر اور موتی گھر میں تین واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ لڑکیوں اور خاتون کا پراسرار طور پر لاپتہ ہونا اور ان کی کوئی اطلاع کے حاصل نہ ہونا علاقہ کے شہریوں میں خوف و ہراسانی کا سبب بنا ہوا ہے۔ صنعت نگر پولیس میں گمشدگی کی شکایت کے باوجود ان لڑکیوں کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے خلاف لڑکیوں کا پتہ چلانے کی ہر ممکنہ کوشش کررہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق لڑکیوں کے اس طرح پراسرار طور پر لاپتہ ہونے سے علاقہ کی عوام میں دہشت پیدا ہوگئی ہے اور لڑکیوں کا کہیں کوئی سراغ دستیاب نہیں ہو پایا ہے جس کے سبب مختلف شبہات خوف و ہراسانی کو پیدا کررہے ہیں۔ اچانک ان لڑکیوں کا اس طرح پراسرار طور پر لاپتہ ہونا کسی سازش کی طرف بھی اشارہ کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق موتی نگر علاقہ سے 32 سالہ نشاط بیگم اور پدماوتی نگر سے 25 سالہ شہانہ بیگم پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ ان لڑکیوں کی گمشدگی کے متعلق دریافت کرنے پر پتہ چلا ہے کہ صرف ان دو لڑکیوں کی شکایت حاصل ہوئی ہے جبکہ ایک اور لڑکی بھی اس علاقہ سے لاپتہ ہوگئی۔ اس سلسلہ میں تحقیقاتی عہدیدار سب انسپکٹر کرشنا گوڑ نے بتایا کہ ان شکایتوں پر پولیس ہرزاویہ سے تحقیقات کررہی ہے۔ تاہم ان کے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت دستیاب نہیں ہوا اور پولیس ہر ممکنہ اقدام کو انجام دیتے ہوئے لاپتہ لڑکیوں کا پتہ چلانے میں مصروف تحقیقات ہے۔ ع