حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں ڈرینج کا پانی ملے ہوئے پینے کے پانی کی سربراہی کے باعث 200 سے زائد گھر متاثر ہوگئے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے اس میں خامی کی نشاندہی کرنے کے لیے اس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ڈی این ایم کالونی کے لوگوں نے منگل کو اس طرح کا آلودہ پانی آنے پر پہلے اس کی اطلاع دی ۔ نلوں سے سیاہ پانی آنے پر انہوں نے فوراً متعلقہ عہدیداروں اور حلقہ صنعت نگر کی انچارج ڈاکٹر کوٹا نیلیما کو اس کی اطلاع دی ۔ چہارشنبہ کو واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے پائپ لائن میں خامی کا پتہ چلانے کے لیے کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے اچھی طرح انسپیکشن کیا ۔ دریں اثناء ڈاکٹر نیلیما نے لوگوں کو محفوظ پینے کے پانی کی سربراہی کے لیے واٹر ٹینکرس کے انتظامات کرنے کی خواہش کی ۔۔