صنعت نگر میں ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت

   

ریاستی وزیر سرینواس یادو کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : وزیر برائے افزائش مویشیاں ، سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی جناب ٹی سرینواس یادو نے عہدیداروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپئے کی لاگت سے شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے لیے کام میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں جی ایچ ایم سی ، ہاوزنگ ، واٹر ورکس ، صحت اور بجلی کے محکمہ کے عہدیداروں کے ہمراہ صنعت نگر کے حلقہ کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ کے متعلق ایک میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ میں کارپوریٹرز نعمنا شیشو کماری ، ایٹلی ارون گوڑ ، کولن لکشمی ، اکولہ روپا ، اپلاترونی ، ہیمالتا اور زونل کمشنر پراونیا ، سرینواس ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کئی ترقیاتی کام کروڑوں روپیوں کی لاگت کے ساتھ شروع کئے گئے ہیں ۔ جن میں سے کچھ مکمل اور کچھ زیر تعمیر ہیں ۔ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ چیزیں تیزی سے انجام پارہی ہیں ۔ موسم بارش کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی پریشانی سے نمٹنے کے لیے ابھی سے اقدامات اٹھائے جانے چاہئے ۔ اور 24 گھنٹوں کے اندر کھودی ہوئی مٹی کو نکالنے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مین ہولز اوور فلو ہونے کی وجہ سے ، جن علاقوں میں پانی ٹھہر رہا ہے اس کی نشاندہی کی جائے اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کئے جائے ۔ شہر کے بیشتر پارکس صنعت نگر ڈیویژن میں ہیں اور پارکس ٹھیک طرح سے کام نہیں کررہے ہیں ۔ باغبانی کے حکام کو فوری طور پر تمام پارکوں کا دورہ کرنے اور ضروری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ بجلی کے حکام کو کہا گیا کہ حلقوں میں کئی شاہراہوں کے بیچ میں بجلی کے کھمبے موجود ہے انہیں فوری طور پر ہٹانے کو کہا گیا ہے ۔ اسی طرح جن علاقوں میں اسٹریٹ لائٹ کی ضرورت ہے وہاں اسٹریٹ لائٹس لگانا چاہئے ۔ ہاوزنگ حکام سے حلقے کے تحت ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں تیزی لانے کو کہا گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ موسم گرما میں بھی حلقے میں پینے کے پانی کی پریشانی نہیں تھی اور نہ ہی آلودہ پانی کی فراہمی کے بارے میں کوئی شکایت موصول ہوئی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ صرف نئی پائپ لائنوں کی تنصیب اور صلاحیت کی تعمیر کے ساتھ ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں پائپ لائنوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے ۔ لیکن سڑک کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ منظور شدہ کاموں کے افتتاح کے بعد بھی تعمیری کام کئی مہینوں سے روکے ہوئے ہیں ۔ آج تک کام شروع نہ کرنے پر وزیر موصوف نے ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کام برسوں تک مکمل نہیں ہورہے ہیں اگر کاموں میں کسی قسم کی پریشانی ہو تو ان کے علم میں لایا جانا چاہئے ۔ یہ واضح کردیا گیا ہے کہ افتتاح شدہ کام چار روز میں شروع کرنے کے لیے کارروائی کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ صنعت نگر کو پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے ایک پائلٹ پروجکٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔ اور اگر اس میں کامیابی حاصل ہوتی ہے تو حکومت اس کو پورے شہر میں نافذ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ عوام کے نمائندوں کو عوام کے مسائل کا بروقت جواب دیں اور مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں ۔ اس میٹنگ میں سنٹرل زون ، نارتھ زون زونل کمشنرز پراونیا ، سرینواس ریڈی ، واٹر ورکس جی ایم رمنا ریڈی ، پربھو ، ہاوزنگ ای ای وینکٹ داسو ریڈی ، اے ایم او ایچ بھارگو ، رویندر گوڑ ، باغبانی ، ٹاون پلاننگ اور دیگر عہدیداران موجود تھے ۔۔