ڈی جے اور بینڈ کا استعمال عوام کیلئے تکلیف دہ ، ضلع ایس پی نرسمہا کا انتباہ
محبوب نگر /18مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سپریم کورٹ کی ہدایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے 10 بجے شب کے بعد کسی بھی قسم کا شور شرابہ ، آوازیں اور موسیقی آلات استعمال نہ کئے جائیں ۔ ورنہ سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔ یہ انتباہ ضلع ایس پی نرسمہا نے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام سے کئی ایک شکایت ملی ہیں کہ آدھی رات کے بعد ڈی جے اور بینڈ کے استعمال سے عوام کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔ لہذا ڈی جے و موسیقی آلات کو مناسب اوقات میں استعمال کیا جائے ۔ صوتی آلودگی پھیلانے کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ 12 بجے شب کے بعد استعمال کئے جانے والے ڈی جے ساؤنڈ سسٹم اور جس گاڑی پر وہ نصب کیا گیا ہو ضبط کرکے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا جائے گا ۔ ڈی جے کے مالک اور اس کے استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ دیگر آلات کے استعمال پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ پولیس قوانین کے پیش نظر قبل از وقت اجازت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جے صوتی آلودگی کا سبب ہے ۔ بچوں اور ضعیف افراد کیلئے تکلیف کا باعث ہے ۔ آخر میں انہو ںنے مشورہ دیا کہ رات دیر گئے تک اگر کوئی ڈی جے استعمال کر رہا ہے تو وہ 100 ڈائل کرکے پولیس میں شکایت درج کروائیں ۔