صورتحال بدستور کشیدہ ، غزہ میں بہتری کےآثار نہیں ہیں: کیمرون

   

لندن : برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیلی جنگی کونسل کے رکن بینی گینٹز سے ملاقات کے اختتام پر غزہ کی پٹی میں حالات میں بہتری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی وجہ سے غزہ کا علاقہ انسانی بحران کا شکار ہے اور صورت حال تبدیل نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیلی لیڈر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صورت حال کو اب بدلنا ہوگا۔بعد ازاں انہوں نےX پلیٹ فارم پر کہا کہ برطانیہ کو رفح میں فوجی حملے کے امکان پر گہری تشویش ہیانہوں نے کہا کہ بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات کے دوران میں نے واضح طور پر ان اقدامات کا ذکر کیا جو اسرائیل کو غزہ کی امداد بڑھانے کے لیے اٹھانا ہوں گے۔انہوں نے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے سیاسی حریف کے ساتھ بات چیت کو مشکل لیکن ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ان کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے کی جانی چاہئیں تاکہ یرغمالی بہ حفاظت اپنے گھروں کو واپس جا سکیں اور ضروری سامان غزہ منتقل کیا جا سکے۔کیمرون اوربینی گینٹز نے رفح میں فوجی حملے کا امکان پر بھی بات کی۔ واضح رہے کہ اسرائیل رفح میں فوجی آپریشن کو حماس کے خلاف جنگ میں ناگزیر قراردیتا ہے تاہم رفح میں جہاں لاکھوں بے گھر فلسطینی جمع ہیں فوجی کارروائی پر اسے تشویش بھی ہے۔