’’صورتحال کچھ بھی ہو، بہرصورت پٹنہ صاحب سے مقابلہ کروں گا‘‘

   

پارٹی کے فیصلہ سے قطع نظر میرا اٹل فیصلہ ہوچکا ہے : شتروگھن سنہا
لکھنؤ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ساتھ اپنے اختلافات کو ملحوظ رکھے بغیر اس کے ایک سینئر رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے کہاکہ صورتحال خواہ جو کچھ بھی ہو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بہرصورت وہ اپنا انتخابی حلقہ تبدیل نہیں کریں گے اور یہ واضح کردیا کہ پارٹی کے فیصلہ کا خیال کرے بغیر پٹنہ صاحب سے ہی دوبارہ مقابلہ کریں گے۔ شتروگھن سنہا نے رانچی سے فون پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’صورتحال کچھ بھی ہو ۔ مقام وہی ہوگا‘۔ بالی ووڈ اداکار سے سیاستداں بننے والے 72 سالہ شتروگھن سنہا 2015 ء کے بہار اسمبلی انتخابات سے اپنی پارٹی کی قیادت سے متصادم ہیں۔ اُنھوں نے نوٹ بندی سے لے کر جی ایس ٹی تک مختلف مسائل پر بی جے پی قیادت سے مختلف و متضاد موقف اختیار کیا تھا۔ جنوری کے دوران کولکتہ میں منعقدہ مخالف بی جے پی ریلی میں وہ بھی اپوزیشن قائدین کے ساتھ شہ نشین پر موجود تھے۔ شتروگھن نے اپنے حالیہ دورہ لکھنؤ کے موقع پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی جس سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ وہ (شتروگھن سنہا) کی شریک حیات پونم لکھنؤ میں سرگرم سیاست میں حصہ لیں گی۔ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ حلقہ لوک سبھا لکھنؤ کی نمائندگی کرتے ہیں۔