صوفیہ قریشی کی توہین کرنے والا یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی

,

   

مدھیہ پردیش کے وزیروجئے شاہ کیخلاف ہتک عزت کا معاملہ معرض التوا

اندور ۔ 23 جنوری (ایجنسیز) حکومت مدھیہ پردیش نے ریاستی وزیر وجئے شاہ کو ضلع رتلام میں یوم جمہوریہ پر پرچم کشائی تقریب کیلئے مہمان خصوصی نامزد کیا ہے۔ اس فیصلہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ کانگریس نے آپریشن سندور کی قیادت کرنے والی کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف وجئے شاہ کے متنازعہ تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے اقدام پر اعتراض کیا ہے۔ کرنل صوفیہ کی توہین کا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا اور عدالت عظمیٰ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہیکہ اندرون دو ہفتے وجئے شاہ کے خلاف کارروائی کی اجازت دینے کا معاملہ طئے کیا جائے۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سنتوش گوتم نے کہا کہ رتلام میں ترنگا لہرانے کی ذمہ داری وجئے شاہ جیسے وزیر کو دی جارہی ہے جنہوں نے قوم کی بیٹی اور بہادر انڈین آرمی آفیسر کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف نامعقول اور توہین آمیز الفاظ استعمال کئے ہیں۔ بی جے پی نے وجئے شاہ کے خلاف جاری تحقیقات کو تسلیم ضرور کیا لیکن انہیں ترنگا لہرانے کی ذمہ داری دیئے جانے کے حکومتی فیصلہ کی مدافعت بھی کی ہے۔