صوفیہ مسجد میں 24 جولائی سے باجماعت نماز وں کا آغاز

,

   

Ferty9 Clinic

ترکی اور دنیا بھر کے عیسائیوں میں جذباتی خلیج پیدا ہونے کا اندیشہ ، استنبول کی تاریخی عمارت مرکز توجہ

استنبول۔ ترکی کے مشہور تاریخی شہر استنبول کے عجائب گھرحایا صوفیہ کو مسجد میں بدلنے کے فیصلے کے بعد جمعہ کو وہاں اذان دی گئی جسے ترک چیانلوں نے براہ راست نشر کیا۔ صدر ترکی رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ 24 جولائی سے باجماعت نماز شروع کی جائے گی۔حایا صوفیہ کو مسجد میں بدلنے کا فیصلہ جمعہ کو ایک ترک عدالت نے دیا۔ صدر اردوان نے عدالتی فیصلے کے بعد ہدایت دی کہ اس کا انتظام مذہبی اُمور کے ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کیا جائے اور حکم دیا ہے کہ وہاں نماز کیلئے انتظام کیا جائے۔حایا صوفیہ کو 1500 سال پہلے بازنطینی عہد میں گرجاگھر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ 900 سال بعد سلطنت عثمانیہ کی فوج نے استنبول پر قبضہ کیا اور اسے مسجد میں بدل دیا گیا۔ 80 سال قبل خلافت ِعثمانیہ ختم ہوئی تو اسے عجائب گھر بنادیا گیا تھا۔ترکی میں قدامت پرست مذہبی رہنما اور قوم پرست برسوں سے حایا صوفیہ کو مسجد بنانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر اردوان نے ان کوششوں میں اپنا حصہ ایسے وقت میں ڈالا جب ان کی سیاسی حمایت کم ہورہی ہے۔حایا صوفیہ کا بڑا گنبد استنبول کے منظر کا لازمی حصہ ہے جہاں ہر سال 30 لاکھ سیاح آتے ہیں۔ اگرچہ اسے مسجد میں بدلنے سے سیاحوں کو آنے سے نہیں روکا جائے گا لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کی نوعیت میں تبدیلی سے اس کی کشش میں کمی آئے گی۔ امریکہ اور یونان نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس ماہ ایک بیان میں ترک حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ حایا صوفیہ کو عجائب گھر کے طور پر برقرار رکھے تاکہ وہ ترکی میں مذہبی روایات کے احترام اور متنوع تاریخ کی مثال کے طور پر قائم رہے اور سب کیلئے اس تک رسائی یقینی ہو۔یونانی حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ حایا صوفیہ کو مسجد میں بدلنے سے ترکی اور دنیا بھر کے عیسائیوں میں ایک عظیم جذباتی خلیج پیدا ہوگی۔

صوفیہ میوزیم سے مسجد میں تبدیلی،امریکہ کا اظہارِ افسوس
واشنگٹن ۔ امریکہ نے ترکی کی جانب سے آیا صوفیہ کی تاریخی عمارت کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو ’افسوس ناک‘ قرار دیا ہے۔ جمعہ کو امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکہ امید کرتا ہے کہ ترک حکومت آیا صوفیہ کی مسجد میں تبدیلی کے باوجود اس عمارت کو تمام افراد کے لیے کھلا رکھے گی۔ واضح رہے کہ ترک عدالت نے گزشتہ روز اپنے ایک فیصلے میں آیاصوفیہ کی تاریخی عمارت کا تشخص تبدیل کرتے ہوئے اسے میوزیم سے دوبارہ مسجد میں بدلنے کا حکم دیا تھا۔ چھٹی صدی میں تعمیر کیا گیا یہ کلیسا پندرہویں صدی میں قسطنطنیہ پر سلطنت عثمانیہ کے قبضے کے بعد مسجد میں بدل دیا گیا تھا۔