موغادیشو/ ابوجا :افریقی ممالک صومالیہ اور نائیجیریا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 45افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق صومالی دارالحکومت موغادیشو میں فوجی تربیتی کیمپ پر خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں زیادہ تر شہری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے فوج میں شامل ہونے کے خواہاں نوجوانوں کی قطار پر خودکش حملہ کیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ۔ امدادی کارکنوں نے کئی زخمیوں کو موغادیشو کے مدینہ اسپتال منتقل کیا، جہاں چند زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب نائیجیریا میں ہونے والے 2حملوں میں 25 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ پہلا حملہ بینو صوبے کے علاقے آگاٹو میں ہوا، جس میں 11افراد مارے گئے۔ جب کہ دوسرا حملہ صوبہ پلاٹیو کے علاقے باسا میں ہوا جس میں 14افراد ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔