صومالیہ میں خوفناک کار بم دھماکہ‘76افراد ہلاک

,

   

90زخمیوں میں بیشتر طالب علم‘ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ
موغادیشو ۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) صومالیہ کی راجدھانی موغادیشو میں ہفتہ کے روز ہوئے ایک طاقتور بم دھماکہ میں 76 افراد ہلاک اور متعدزخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایاکہ یہ کاربم دھماکہ راجدھانی موغادیشو میں افگوئے روڈ پر ایک جانچ چوکی کے پاس ہواجس میں 76 افراد کی موت ہوئی ہے اور متعددزخمی بھی ہوئے ہیں ۔موغادیشو میں ایک ایمرجنسی سرویس کے ذمے دار عبدالقادر عبدالرحمن کے مطابق ہفتے کے روز ایک سواری میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں اب تک 76 افراد ہلاک اور 90سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ذمے دار کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری ہیں جن میں یونیورسٹی اور اسکول کے طلبہ کی بڑی تعداد شامل ہیں۔پولیس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ دھماکا نہایت زور دار اور تباہی پھیلانے والا تھا۔ زخمیوں کی ایک بڑی تعداد ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ایک عینی شاہد احمد معلم نے بتایا کہ “میں نے خود 22 لاشوں کی گنتی کی اور یہ سب عام شہریوں کی تھیں، اسی طرح 30 سے زیادہ افراد زخمی دیکھے ، یقینا یہ ایک سیاہ دن ہے۔