صومالیہ میں سیلاب متاثرین کو شاہ سلمان ریلیف مرکز سے امداد جاری

   

موغادیشو ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افریقہ کے پسماندہ ملک صومالیہ میں حالیہ سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے بعد شہریوں کی بحالی میں سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے اہم کرادا کیا جا رہا ہے۔ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے صومالیہ میں سیلاب متاثرین میں خوراک اور دیگر امدادی سامان کی تقسیم جاری ہے۔ ملک کے وسط اور جنوب میں سیلاب متاثرین میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے خوراک کے ہزاروں پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔ میڈیا کے مطابق صومالیہ میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے حالیہ ایام میں سیلاب متاثرین میں خوراک کے 3161 ٹن پیکٹ تقسیم کئے گئے جن سے ہزاروں افراد مستفید ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ صومالیہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے تھے۔افریقی ملکوں میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریلیف آپریشنز یوسف بخت بلوچی نے بتایا کہ یہ امدادی سامان سعودی عرب کی طرف سے صومالیہ کے سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی بحالی کے لیے دیاگیا تھا جسے مستحق افراد میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔