صومالیہ میں صدارتی انتخابات ،موغادیشو میں کرفیو نافذ

   

موغادیشو: ‘صومالیہ میں پولیس نے صدارتی انتخابات کے اختتام تک دارالحکومت موغادیشو میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ہنگامی خدمات کے علاوہ تمام عوامی سرگرمیاں 33 گھنٹے یعنی ہفتہ کی شام سے پیر کی صبح تک بند رہیں گی۔ صومالیہ میں صدارتی انتخابات طویل تاخیر کے بعد اتوار 15 مئی کو منعقد ہو رہے ہیں۔ ووٹنگ میں صدر کے عہدے کے لیے درجنوں امیدوار مدمقابل ہیں۔ یہ افریقی ملک ایک عرصے سے مسلم انتہا پسندوں کی بپا کی ہوئی شورش سے نبرد آزما ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ صدارتی الیکشن عسکریت پسند گروپ الشباب کے حملوں کا شکار ہو سکتا ہے جو اسے ناکام بنانے کی کوشش کرے گا۔ شیڈول کے برخلاف یہ الیکشن ایک سال کی تاخیر سے منعقد ہو رہا ہے۔ 2021 ء کے اوائل میں صومالیہ کا موجودہ سیاسی بحران اُس وقت شروع ہوا تھا جب صدر محمد عبدل الٰہی محمد کی مدت نئے انتخابات کے بغیر ہی ختم ہو گئی تھی۔ آج کے الیکشن میں محمد کے علاوہ سابق صدور شریف شیخ اور حسن شیخ محمد بھی 30 سے زائد امیدواروں میں شامل ہیں