صومالیہ کے ہوٹل حیات میں دہشت گردانہ حملہ، 15 ہلاک

   

موغادیشو۔ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کی حیات ہوٹل میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں کم از کم 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس اور عینی شاہدین نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر بچاؤ کاری عملہ نے کئی افراد کو بچالیا جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ تفصیلات کے مطابق سب سے پہلے ہوٹل کے باہر دھماکے سنے گئے اس کے بعد حملہ آور دندناتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوگئے۔ جمعہ کے دن کئے گئے حملہ کے بعد ہفتہ کی دوپہر تک بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ پولیس تمام حملہ آوروں کو یا توختم کردینا چاہتی ہے یا پھر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ اب تک حملہ آوروں کی صحیح تعداد کا پتہ نہیں چلا ہے لیکن پولیس کے مطابق کئی حملہ آور اب بھی ہوٹل کے مختلف مقامات بشمول چھت پر چھپے ہوئے ہیں۔ اب تک ہلاک ہونے والوں کی شناخت عمل میں نہیں آئی ہے۔ حیات ہوٹل میں اکثر و بیشتر سرکاری ملازمین آیا کرتے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہم ہوٹل کی لابی میں چائے پی رہے تھے کہ اچانک حملہ آور دندناتے ہوئے سیدھے ہوٹل کی دیگر منزلوں پر چڑھتے چلے گئے اور فائرنگ شروع کردی۔ جب عینی شاہد بھی اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ بھاگنے لگے تو اس نے ہوٹل کے باہر کئی نعشیں پڑی ہوئی دیکھیں۔ اس حملہ کی ذمہ داری انتہا پسند گروپ اشباب نے قبول کی ہے۔