صیہونی حکومت غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام : ایران

   

تہران :ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے غزہ کی جنگ میں صیہونیوں کی ناکامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت،غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ جلد ہی حماس کو ختم کردیں گے لیکن اب تک بدترین طریقے سے شکست ہی ہوئی ہے، صیہونیوں نے اعلان کیا تھا کہ حماس کو فوجی کارروائیوں اور فضائی، بری اور بحری حملوں کے ذریعے غیرمسلح کردیں گے لیکن ابھی تک مایوسی ہی ہوئی ہے۔حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک غزہ کے اسپتالوں اور سرنگوں سے اسرائیلی قیدیوں کو باہر نہ نکال لیں لیکن اب تک وہ فوجی طریقے سے اپنا ایک قیدی بھی آزاد نہیں کرا سکے اور جو ہدف معین کیا تھا اسے حاصل نہ کرسکے اور ناکام رہے۔