یروشلم ۔ اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں تشکیل دیے گئے ’بارئیل‘ نامی دہشت گرد گروہ نے شمالی نقب میں کارروائی کے دوران فلسطینیوں پر قاتلانہ حملے کیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق شرپسند یہود نے شمالی نقب میں رہط سے تعلق رکھنے والے فلسطینی ڈرائیور پر حملہ کیا۔ جزیرہ نما نقب کے عربوں کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر جمعہ الزبارقہ نے بتایا کہ ملیشیا کے کارکنوں نے گاڑی پر حملے کے دوران پٹرول چھڑک کر ڈرائیور صلاح ابو زید کو گاڑی سمیت نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوزید کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ قابض پولیس نے کیس دست برداری کے لیے اسپتال میں دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ حملہ آور یہودی عبرانی زبان میں بات کر رہے تھے اور ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے کہ وہ ڈرائیور کے ساتھ گاڑی کو اندر سے جلا دیں گے۔دوسری جانب انتہاپسند رکن کنیسٹ ایتمار بن گویر کی سربراہی میں آبادکاروں نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقہ شیخ جراح پر دھاوا کیا۔ اس دوران انہیں پولیس اور فوج کی بھرپور سیکورٹی حاصل رہی۔ بن گویر نے محلہ کے مغربی حصہ پر دھاوا بولا اور سلیم خاندان کی زمین پر بنائے گئے اپنے دفتر ی خیمہ کا جائزہ لیا۔