حیدرآباد ۔ کورونا واقعات نے اب خود اپنے رشتہ داروں کے تعلق سے عوام میں ایک طرح کی لا تعلقی اور خوف کا ماحول پیدا کردیا ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق گاندھی ہاسپٹل سے علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کئے گئے 50 مریضوں کو ان کے افراد خاندان گھر لیجانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ نوڈل آفیسر برائے کووڈ 19 گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر پربھاکر راو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا 50 افراد ایسے ہیں جو کورونا سے متاثر تھے اور ان کا گاندھی ہاسپٹل میں علاج کیا گیا ۔ ان کو ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم ان کے رشتہ دار انہیں گھروں کو واپس لیجانے تیار نہیںہیں۔ ڈاکٹر راو نے بتایا کہ یہ سب صحتمند ہیں اور ان میں کوئی علامات بھی باقی نہیں رہ گئی ہیں۔ ہم نے انہیں گھر میں کورنٹائن رہنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ان میں سے بیشتر کو دوبارہ دواخانہ میں شریک کرلیا گیا ہے ۔
