ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، پولس کانسٹبل پر مقدمہ

   

ممبئی : ممبئی ضلع کے مالابار ہل اسمبلی حلقہ کے الیکشن ریٹرننگ افسر بالاصاحب وکچور نے ہفتہ کے روز پولیس کانسٹبل گنیش اشوک شندے کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا۔ انہوں نے پوسٹل بیلٹ پیپر کی تصویر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر پوسٹ کی تھی۔ کانسٹیبل اشوک شندے نے ضلع بیڈ کے آشٹی اسمبلی حلقہ کے لیے پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ اپنا ووٹ درج کرایا تھا، جس کے بعد انھوں نے اپنے موبائل فون میں بیلٹ پیپر کی تصویر لی اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ ان کے خلاف قانونی احکامات کی خلاف ورزی اور پوسٹل بیلٹ پیپر کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے الزام میں ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ممبئی کے مالابار ہل حلقہ میں پولس افسران اور عملہ کے لیے ولسن کالج، نیتا جی سبھاش چندر روڈ، گرگام چوپاٹی، چرنی روڈ پر پوسٹل ووٹنگ کے لیے سہولیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ مذکورہ واقعہ اس مرکز کے پولنگ اسٹیشن نمبر 3 پر پیش آیا۔