ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت انتباہ

   

عادل آباد ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کی میڈیا سے بات چیت

عادل آباد /17 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پارلیمانی انتخابات کا پرامن اور آزادانہ طور پر انعقاد عمل میں لانے کی خاطر ہر ایک کا تعاون لازمی قرار دیتے ہوئے عادل آباد ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر مسٹر راجرشی شاہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا اور کسی بھی شکایت کو ٹول فری نمبر 1950 پر ربط کرنے کی خواہش کی ۔ مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر الیکشن آفیسر نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کا نوٹیفکیشن 18 اپریل کو مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا جائے گا ۔ 25 اپریل تک امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔ 26 اپریل کو پرچہ جات کی تنقیح ہوگی جبکہ 29 اپریل امیدوار انتخابی میدان سے دستبرداری حاصل کرسکتے ہیں۔ 13 مئی کو حق رائے دہی سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ 4 جون کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا ا علان کیا جائے گا ۔ ذات پات کی بنیاد پر رائے دہندوں کو توجہ دلانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ جلوس اور جلسہ کا انعقاد عمل میں لانے قبل ازو قت اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ۔ رات 10 بجے تا صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ۔ عادل آباد ضلع ایس پی مسٹر غوث عالم نے مخاطب ہوکر کہا کہ چوتھے مرحلہ کے تحت ریاست میں پارلیمانی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ نقد رقم شراب وغیرہ رائے دہندوں میں تقسیم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ ضلع کے مختلف مقامات پر 6 چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں ۔ ڈی جے ساؤنڈ پر پابندی برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ سفر کے دوران 50 ہزار سے زیادہ رقم رکھتے نے پر پابندی عائد کی گئی ۔