نظام آباد پولیس کمشنر کملیشور کا صحافتی بیان
نظام آباد۔14 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر مسٹر کملیشور نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 9؍ اکتوبر سے 14؍ نومبر تک ضلع میں جملہ 25 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مذہب کے نام پر جذبات کو مجروح کرنے والی تقریر ، عبادت گاہوں کا استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم چلانے اور پارٹیوں کے سروے کے نام پر اپنی مرضی کے پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی مہم چلانے ، روپیوں کی تقسیم ، بغیر اجازت انتخابی مہم چلانے اور سرکاری عہدیداروں کو فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے متعلق کیس درج کئے گئے ۔ مسٹر کملیشور نے بتایا کہ نوی پیٹ منڈل کے رام پور چوراستہ ایک سیاسی جماعت کے کارکن اور اس کے 8 حامیوں نے عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہوئے جذباتی تقریر کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ بودھن ٹائون ، نظام آباد ٹائون ، بودھن رورل ، نظام آباد رورل ، آرمور میں بغیر سیاسی جماعتوں کے منظوری کے خانگی ایجنسیوں کے نام پر سروے کرنے کی اطلاع ملنے پر 26 مقدمات درج کئے گئے ۔ جمعہ کے روز بودھن میں ایک سیاسی جماعت انتخابی مہم چلانے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ آرموراسمبلی حلقہ کے آلور میں گرام پنچایت فلائنگ اسکواڈ کی ٹیم ایک کار کو روک کر تنقیح کرنے پر عملہ کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایڑپلی منڈل کے اشوک پارک نہرونگر میں ایک سیاسی جماعت بغیر اجازت انتخابی جلسہ گاہ کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے روپئے تقسیم کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ اندلوائی ٹول پلازا پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران حیدرآباد سے نرمل جانے والی کار کی تلاشی لینے پر اس میں مذہب کو متاثر کرنے کی ایک پارٹی کے پمفلٹس اور بندیا ں کے ڈبے پائے جانے پر ان کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ۔
چیف منسٹر کا 16 نومبر کو نرساپور میں خطاب
نرساپور ۔14 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر کے چندراشیکھر راؤ کا دورہ نرسا پور ، تفصیلات کے بموجب بی آر ایس امیدوار سیتنا لکشما ریڈی نے بتایا کہ 16 نومبر بروز جمعرات چیف منسٹر نرساپور کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی جلسہ عام کو خطاب کریں گے ۔ ایس لکشما ریڈی نے اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔ اس موقع پر مدن ریڈی ، نعیم الدین ، منیم گوڑ ، اشوک گوڑ اور دیگر موجود تھے ۔