ضبط شدہ امونیم نائیٹریٹ حوالے کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد : جسٹس کے لکشمن تلنگانہ ہائیکورٹ نے ضبط شدہ امونیم نائٹریٹ کرشنا ریڈی کے حوالے کرنے کی پولیس کو ہدایت دی ۔ کرشنا ریڈی سری وینکٹا سائی انٹرپرائزس کے پروپرائٹر اور امونیم نائٹریٹ کے ڈیلر ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سدی پیٹ کی اکناپیٹ پولیس نے تقریباً 360 تھیلے امونیم نائیٹریٹ اُس وقت ضبط کی تھی جب یہ بھاری قیمت پر فروخت کرنے کیلئے غیر قانونی طریقہ سے منتقل کی جارہی تھی ۔ مناسب دستاویزات کی عدم موجودگی پر پولیس نے امونیم نائیٹریٹ کو ضبط کرلیا تھا ۔ قبل ازیں جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس نے ضبط شدہ بھاری مقدار میں امونیم نائیٹریٹ کو جاری نہ کرنے کی ہدایت دی تھی کیونکہ اس کی تحقیقات کی جارہی تھی ۔ ہائیکورٹ کے جج نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوچکی ہے لہذا ضبط شدہ اشیاء اُن کے حوالے کردی جائیں ۔