ضبط شدہ گاڑیوں کو فروخت کا جھانسہ ، لٹیرا شخص گرفتار

   

حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) بنکس کی ضبط شدہ گاڑیوں کو فروخت کرنے کا جھانسہ دیکر آن لائین لوٹنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 37 سالہ سبرامنیم کرن کمار عرف راکیش کمار ساکن اولڈ الوال کو گرفتار کرلیا ۔ جس نے واٹس اپ کے ذریعہ گاڑیوں کی تصاویر روانہ کرتے ہوئے ایک شخص سے 6 لاکھ 80 ہزار روپئے لوٹ لئے تھے ۔ پولیس کے مطابق سبرامنیم پیشہ سے تاجر تھا ۔ جو کاروں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا ۔ اخبار میں اشتہار کے ذریعہ یعنی گاڑیوں کی فروخت کا کاروبار کرتا تھا ۔ تاہم کاروبار میں نقصان کے سبب اس نے اپنی نقصان کی بھرپائی کرنے کیلئے منصوبہ تیار کیا ۔ اور ایک فون نمبر حاصل کرتے ہوئے ان کے ذریعہ اشتہار دیا اور نئی گاڑیوں کی تصاویر کو حاصل کرتے ہوئے گراہکوں کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ سکنڈ ہینڈ بنک کی ضبط شدہ گاڑیاں فروخت کر رہا ہے ۔ اس کی ان باتوں پر یقین کرتے ہوئے شکایت گذار اس کے جھانسہ میں آگیا ۔ پولیس نے بالآخر سبرامنیم کو گرفتار کرلیا ۔