ضرورت سے زیادہ انٹرنیٹ کا استعمال ، بیماریوں کو دعوت دینے کے مترادف

   

۔ 75 فیصد عوام کے رشتوں پر اس کا اثر انداز
۔ 70 فیصد عوام انٹرنیٹ کے غلام
۔ 30.2 فیصد بچوں کے خود کا اپنا اسمارٹ فون

محمد نعیم وجاہت
انٹر نیٹ ضروریات زندگی کا اہم حصہ بن گیا ہے ۔ یقینا اس سے فاصلے گھٹ گئے ہیں مگر رشتوں میں دراڑ کا بھی انٹرنیٹ سبب بنتا جارہا ہے ۔ جس طرح ہر چیز کے دو پہلو ہوتے ہیں اس طرح انٹرنیٹ کے بھی مثبت اور منفی پہلو ہیں ۔ انٹرنیٹ اختراعی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے بہت بڑا پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے ۔ دور دراز علاقوں کے غریب نوجوانوں نے تعلیم ، تجارت اور دوسرے شعبوں میں اپنے آپ کو منوایا بھی ہے ۔ مگر موجودہ دور میں اس کے منفی اثرات کو بھی ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ فینانس آن لائن سروے میں اس کے چونکا دینے والے انکشافات ہوئے ہیں ۔ انسان کے ہاتھ میں اسمارٹ فون اور اس میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کا آج تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال صحت پر مضر اثرات کا مرتب ہونے کا بھی ثابت ہورہا ہے ۔ انٹر نیٹ کے دلدل میں پھنس کر زیادہ تر لوگ اپنی زندگیوں کا سکون برباد کررہے ہیں ۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ بیماریوں کو دعوت دے رہے ہیں ۔ انٹرنیٹ کا استعمال بڑھتا جارہا ہے ۔ کورونا بحران کے بعد کئی شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ بالخصوص تعلیمی ادارے بند ہونے کے بعد تعلیم کا سارا انحصار آن لائن پر ہوگیا ۔ جس سے بچوں کے ہاتھوں میں کتابوں کے بجائے اسمارٹ فونس آگئے ۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں سے
باہر نہ نکلنے والے بڑے اور بچے سبھی نے انٹرنیٹ کا استعمال کیا ہے ۔ اب یہ عالم ہوگیا ہے کہ کچھ کھانے کا من کرے تو اسمارٹ فون کے ذریعہ آرڈر کیا جارہا ہے ۔ کسی گاؤں کے بارے میں کچھ جاننا ہو تو انٹرنیٹ کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ یہاں تک کہ شادی بیاہ و دیگر تقاریب کے دعوت نامے آن ئن پر بھی ارسال کئے جارہے ہیں ۔ ضرورت سے زیادہ انٹرنیٹ کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس لعنت کا شکار ہوجانے کی وجہ سے 75 فیصد افراد کے رشتوں پر اس کا اثر پڑا ہے ۔ 70 فیصد عوام انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے غلام ہوگئے ہیں ۔ 30.2 فیصد بچوں کے پاس ان کا خود کا اپنا اسمارٹ موبائل فون ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال کے لیے ٹائم مینجمنٹ ضروری ہے ۔ بالخصوص بچوں پر نظر رکھنا بے حد لازمی ہوگیا ہے ۔ ایپس ، ای میل نوٹیفیکیشنس کو آف موڈ میں رکھا جائے ۔ ضرورت کے مطابق ہی انہیں دیکھنا مناسب رہے گا ۔ گیمنگ اپلی کیشن کو اَن انسٹال کردیں ۔ گھر کے افراد خاندان اور دوست احباب کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت دیں ۔ کسی کو بھی کوئی اطلاع دینا ہو تو انٹرنیٹ پر انحصار کئے بغیر دوستوں اور ارکان خاندان کی مدد حاصل کریں ۔ انٹرنیٹ کے بجائے کتابیں پڑھنے پر زیادہ وقت دیں اور کوئی کھیل کا انتخاب کریں ۔ پکوان کرنے ، ورزش کرنے ڈرائینگ کرنے پر توجہ مرکوز کریں ۔ جس کے آپ آڈیکٹ ہورہے ہیں ۔ ایسے ویب سائیٹس ، گیمنگ ، اپلی کیشن سے دور رہنے کی کوشش کریں ۔۔