ضرورت مندوں کی مدد کیلئے کانگریس کا’’یوپی متر پورٹل‘‘

   

لکھنؤ9مئی(سیاست ڈاٹ کام) مہاجر مزدوروں کی مدد کے لئے اترپردیش حکومت کی جانب سے ‘پرواسی راحت متر ایپ’لانچ کئے جانے کے ایک دن بعد سنیچر کو یوپی کانگریس نے ‘یوپی متر’چیٹ پورٹل کو لانچ کیا ہے ۔ریاستی کے صدر اجے کمار للو نے بتایا کہ’کورونا وبا میں عام لوگوں کی مدد کے لئے ہم نے یہ چیٹ پورٹل لانچ کیا ہے ۔ اس چیٹ پورٹل کے ذریعہ عام لوگوں کے مسائل کی فہرست سازی کی جائے گی اور اترپردیش کانگریس حتی المقدور شکایت کنندگان کی مدد کرے گی۔ ساتھ ہی ساتھ ان مسائل کی فہرست وزیر اعلی کو بھی بھیجی جائے گی تاکہ حکومت بھی مصیبت میں پھنسے لوگوں کی مدد کرے ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا آفت میں کانگریس کی ذمہ داری ہر ضرورت مند کی مدد کے لئے تیار رہنے کی ہے ۔ پوری ریاست میں پارٹی جگہ جگہ رسوئی گھر چلا رہی ہے ۔ غازی آباد،ہاپوڑ،کانپور، الہ آباد،لکھیم پور کھیری،لکھنؤ سمیت 17اضلاع میں پکا پکایا کھانا ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جارہا ہے ۔ضلع کمیٹیاں ضرورت مندوںمیں راشن تقسیم کررہی ہیں۔ریاست سے باہر پھنسے مزدوروں کو بھی مدد پہنچائی جارہی ہے ۔مسٹر للو نے کہا کہ”ہم لوگوں تک اس چیٹ پورٹل کا لنک سوشل میڈیا،میسج اور دیگر ترسیلی ذرائع سے پہنچائیں گے تاکہ لوگوں کے مسائل کو جانا جا سکے اور ان کی مدد کی جاسکے ۔کورونا بحران میں تمام طرح کی پریشانیوں کا سامنا کررہے لوگوں کو اس پورٹل سے فائدہ ملے گا۔ پورٹل کو ویلیو فرسٹ نامی ایجنسی نے تیارکیا ہے ۔ ویلیو فرسٹ نے کانگریس کی یہ سہولیت مفت میں فراہم کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مہاجر مزدوروں کی مدد کے لئے ‘پرواسی راحت متر ایپ’لانچ کیا تھا۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس ایپ کا مقصد دیگر ریاستوں سے اترپردیش میں آنے والے مہاجر مزدوروں کو سرکاری اسکیمات کا فائدہ،، ان کے صحت کی نگرانی اور خاص کر ان کے اہلیت کے اعتبار سے مستقبل میں نوکری اور روزی فراہم کرنے میں مدد کرنا ہے ۔