ضروری اشیاء وخدمات پر جی ایس ٹی میں 5% کمی کا مطالبہ : چدمبرم

   

نئی دہلی۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر فینانس و کانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مکمل لاک ڈاؤن کے اعلان کو ’’واٹر شیڈ مومنٹ‘‘ قرار دیا اور مودی کو کمانڈر کہا۔ اپنے بیان میں چدمبرم نے 10 نکاتی منصوبے کی تجویز پیش کی جس میں غریب اور حاشیہ بردار افراد بشمول کسان اور مزدوروں کے بینک اکاؤنٹ میں پیسے جمع کرنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ چدمبرم نے اشیائے ضروریہ اور ضروری خدمات کے علاوہ بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی تمام اشیاء پر یکم اپریل سے 30 جون تک جی ایس ٹی شرحوں میں بھی 5% کمی کا مطالبہ کیا۔ چدمبرم نے کہا کہ یہ ہماری ڈیوٹی ہے کہ وزیراعظم اور مرکزی حکومت کے علاوہ ریاستی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ کانگریس کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ یہ بیان چدمبرم کا شخصی نظریہ ہے ، کانگریس پارٹی کا نہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے 21 دنوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تمام سڑکیں ، ریل اور ہوائی خدمات بند رہیں گی۔