۔21 تا50 سال عمر کے 65 فیصد مریض، نوجوانوں کو چوکس رہنے کی اپیل
حیدرآباد: کورونا کے سلسلہ میں عام رجحان ہے کہ وہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے لیکن محکمہ صحت کے اعداد و شمار چونکا دینے والے ہیں۔ ریاست کے جملہ پازیٹیو کیسیس میں 65 فیصد مریضوں کی عمر 21 تا 50 سال کے درمیان ہے۔ کم عمر افراد نے وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ پر ہائی کورٹ نے تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کو ہدایت دی کہ وہ زیادہ تشہیر کرے کہ کم عمر کے افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ عام طور پر 10 سال سے کم اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں کورونا پھیلنے کی تشہیر کی گئی ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ محکمہ صحت کے اعداد و شمار تشویش کا باعث ہیں ، لہذا نوجوانوں کو کور ونا سے چوکس کرنے مہم چلائی جائے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ۔ بنچ نے حکومت کے ہیلت بلیٹن کا جائزہ لیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو زیادہ چوکس رہ کر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے ۔ صرف 25 فیصد مریض ایسے ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد اور 10 سال سے کم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 57142 پازیٹیو کیسیس میں 12628 کی عمر 21 تا30 سال ہے جو مجموعی کیسیس کا 22.1 فیصد ہے۔ 31 تا 40 سال کے 14285 افراد کورونا کا شکار ہوئے جو مجموعی کیسیس کا 25 فیصد ہے۔ 41 سے 50 سال کے 10628 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 51 تا 60 عمر کے 8399 افراد کورونا متاثر ہوئے ۔ کم عمر کے افراد میں کورونا پھیلاؤ نے تشویش کی لہڑ دوڑادی ۔ حکام نے نوجوانوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ۔