سیاست کی خبر کا اثر …
ضعیف خاتون کی رشتہ داروں نے ذمہ داری قبول کی
پولیس میں نواسوں نے حلف نامہ داخل کیا ، طبی معائنہ کے بعد گھر واپسی
حیدرآباد :۔ پولیس کی مداخلت کے بعد ٹھیلہ بنڈی کے نیچے سر چھپانے والی ضعیف بیمار خاتون کشٹماں کا مسئلہ حل ہوگیا ۔ مکمل دیکھ بھال کرنے کا تحریری طور پر حلف نامہ پیش کرتے ہوئے ارکان خاندان ضعیف خاتون کو گھر لے گئے ۔ روزنامہ سیاست کے علاوہ دوسرے میڈیا نے بھی اس ضعیف خاتون کی پریشان کن داستان کو پیش کیا تھا ۔ جس کا سرکاری و عوامی حلقوں میں اس کا زبردست اثر دیکھنے کو ملا ہے ۔ بلآخر 77 سالہ ضعیف و بیمار خاتون گھر پہونچ گئی ہے ۔ اس ضعیف خاتون کے بیٹے اور بہو نے سڑک پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا تھا اور ستم ظریفی یہ تھی کہ اس ضعیف خاتون کے پاس جمع پونجی 40 ہزار روپئے بھی چھین لیا تھا ۔ جس کے بعد یہ ضعیف خاتون چار دن تک ٹھیلہ بنڈی کے نیچے رہ کر سر چھپایا تھا ۔ میڈیا کی خبریں عام ہونے کے بعد سرکاری حکام پولیس اور رضاکارانہ تنظیمیں سرگرم ہوگئی ۔ پولیس نے کشٹماں کے ارکان خاندان کو بھونگیر طلب کیا ۔ ضعیف خاتون کے نواسے نوین اور نریش بھونگیر پہونچے اور اپنی نانی کشٹماں کی دیکھ بھال کرنے کی ذمہ داری لی اور پولیس اسٹیشن میں سرکل انسپکٹر کو تحریری طور پر حلف نامہ پیش کیا ۔ اس کے بعد کشٹماں کو دواخانے میں طبی معائنہ کروانے کے بعد گھر لے گئے ۔۔
