ضعیف والدین کی خدمت میں دنیا و آخرت کی کامیابی

,

   

عالمی یوم بزرگان سے محمود علی کا خطاب، معمرین کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین اور دیگر ضعیف افراد کی خدمت کے ذریعہ دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کریں۔ محمود علی آج عالمی یوم بزرگان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، جس کا اہتمام ہیلپ ایج انڈیا کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسان کو بزرگوں کی عزت اور ان کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہئے کیونکہ یہی کامیابی کا ضامن بن سکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یوروپی ممالک میں بزرگوں اور ضعیفوں کیلئے اولڈ ایج ہوم قائم کئے گئے جہاں اولاد اپنے ضعیف والدین کو چھوڑ دیتی ہے اور ماہانہ فیس کی ادائیگی کے ذریعہ اپنے فریضہ کی تکمیل تصور کرتی ہے ۔ حقیقت میں یہ رجحان غلط ہے ۔ ضعیفی میں والدین کو اولاد کا سہارا ضروری ہے۔ والدین کو اولڈ ایج ہوم کی نہیں بلکہ اپنی اولاد اور رشتہ داروں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بالخصوص تلنگانہ میں ضعیف والدین کا احترام کیا جاتا رہا ہے اور انہیں اولڈ ایج ہوم میں رکھنے کی روایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بزرگوں اور ضعیف افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن ا قدامات کر رہی ہے۔ تلنگانہ کی تہذیب ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے اور اسی تہذیب میں بزرگوں کا احترام شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بزرگوں کے احترام میں ماہانہ وظیفہ کی اسکیم کو متعارف کیا ۔ معمرین کے لئے ماہانہ وظیفہ کو 200 روپئے سے بڑھاکر ایک ہزار روپئے کیا گیا ہے ۔

دوسری میعاد میں کامیابی کے بعد کے سی آر نے وظیفہ کی رقم کو 2016 روپئے کردیا اور یہ رقم بینک اکاؤنٹ میں راست جمع کی جاتی ہے ۔ کسانوں کو سالانہ 12000 روپئے رعتیو بندھو اسکیم کے تحت بطور امداد دیئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل فلاحی اسکیمات کی کمی تھی۔ کے سی آر کی دور اندیشی اور غریبوں سے ہمدردی کے نتیجہ میں نئی اسکیمات کا آغاز ہوا۔ انہوں نے معمرین کو مشورہ دیا کہ اگر ان پر ظلم اور زیادتی کی جائے تو وہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوں تاکہ انصاف حاصل ہو۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر سینئر سٹیزنس کو تہنیت پیش کی ۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر شیکھا گوئل ، نوودیا ودیالیہ کے ڈپٹی کمشنر ایم اوما مہیشور راؤ ، آل انڈیا ریٹائرڈ ریلوے مینس فیڈریشن کے صدر وائی ایم شاستری ، جنرل مینجر بی ڈی ایل سید رفیع ، آل انڈیا سینئر سٹیزنس کانفیڈریشن کے صدر ایم اندرجیت اور ہیلپ ایج انڈیا کے صدر محمد رضا اور دوسرے موجود تھے ۔