ضلعی سطح پر بارش کا سلسلہ برقرار ، فصلیں تباہ و برباد

   

مزید بارش پر باقی فصلوں کو شدید نقصان کا امکان ، حیدرآباد میں مطلع ابر آلود رہیگا
حیدرآباد۔3۔مئی۔ (سیاست نیوز) شہر میں غیر موسمی بارشوں سے راحت کے باوجود ریاست کے بیشتر اضلاع میں اب بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ریاست میں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں اور کسان پریشان حال ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں سے دھان کی خریدی کے فیصلہ اور فصلوں کو ہونے والے نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے فی ایکڑ 10ہزار روپئے جاری کرنے کے فیصلہ کے باوجود کسانوں کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے اور کہا جار ہاہے کہ اگر جاریہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹے جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں 100فیصد فصلیں تباہ ہوجائیںگی۔تلنگانہ کے اضلاع سنگاریڈی ‘ محبوب نگر ‘ نارائن کھیڑ‘ نرمل ‘ نظام آباد‘ کریم نگر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع کے مختلف حصوں میں آج بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران اضلاع میں بارشوں کا امکان موجود ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں آئندہ دو تا تین یوم کے دوران بارشوں کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔شہرحیدرآباد میں موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق آئندہ 4یوم کے دوران شہر میں موسم معمول کے مطابق رہے گا اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت آئندہ 4 یوم کے دوران 32تا 36ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں جاری بارشوں کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات و ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ اضلاع میں وقفہ وقفہ سے جاری بارش کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جار ہی ہے ۔تلنگانہ میں بتدریج بارشوں کے ختم ہونے کا امکان ہے جبکہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آندھراپردیش میں ہونے والی بارشوں کے سبب ریاست کے سرحدی اضلاع میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے امکانات ہیں۔جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں آئندہ ہفتہ کے دوران بارش کے امکانات نہ ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش یا بوندا باندی کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد میں بارشوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور گرمی میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔م