بڑوانی20جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے ضلع بڑوانی کے ورلا تھانہ علاقہ کے بلواڑي قصبے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بلاک صدر منوج ٹھاکرے کو آج صبح قتل کر دیا گیا۔ورلا تھانے کے انچارج دنیش کشواہا کے مطابق مسٹر ٹھاکرے صبح کی سیر کے لئے گھر سے نکلے تھے ۔ کچھ دیر بعد ان کی لاش کھیت کے پاس پائی گئی۔ قاتل اور قتل کے اسباب کا پتہ لگایا جا رہا ہے ۔مسٹر کشواہا نے کہا کہ 48 سالہ منوج ٹھاکرے کا اس وقت قتل کیا گیا، جب وہ مارننگ واک پر گئے تھے ۔ روزانہ کی طرح مسٹر ٹھاکرے صبح سوا پانچ بجے اکیلے مارننگ واک کے لئے نکلے تھے اور بلواڑي سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ان کی لاش سڑک سے 25 فیٹ دور ایک کھیت میں ملی۔ان کا مفلر اور اونی ٹوپی باہر پائی گئی، جبکہ ان کی خون سے لت پت لاشیں سڑک سے تقریباً 25 فٹ کے فاصلے پر ملی۔ امکان ہے کہ انہیں سڑک سے کھیت تک گھسیٹنے کے دوران قتل کیا گیا ہوگا۔ ایک خون آلود پتھر بھی جائے حادثہ کے قریب پایا گیا۔مسٹر کشواہا نے بتایا کہ مسٹر ٹھاکرے کو سر میں چوٹ آئی تھی اور فارنسک جانچ سے پتہ چل سکے گا کہ قتل کس چیز سے کیا گیا ہے ۔