بیدر۔ موضع نرنہ، ضلع بیدر کے گنا کسان کے کھیت میں آگ لگنے کاحادثہ پیش آیا جس میں لاکھوں روپئے کے نقصان کا اندازہ لگایاجارہاہے۔ تکاریڈی ولد وشنوریڈی ساکن نرنہ کے گنے کے کھیت میں اچانک ہی آگ لگ گئی۔ جس کوبجھانے کی ہرممکن کوشش کی گئی۔ فائربریگیڈ کے عملہ کو بھی چٹگوپہ سے طلب کیاگیا۔جس نے آگ بجھانے میں اہم رول اداکیا۔ تکاریڈی (32سالہ) کے بیان کے مطابق پانچ ایکٹر کھیت میں گنابویاگیاتھا ۔ چونکہ برقی تار کھیت سے گزررہے تھے اور نیچے تھے ۔ اس لئے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گنے کے کھیت میں آگ لگ گئی۔ اور 2ایکٹر تک گنا جل گیا ۔ نقصان کا اندازہ ایک لاکھ 60ہزار روپئے کا ہے۔ اسی طرح ڈرپ سسٹم کے لئے 80ہزار روپئے خرچ کئے گئے تھے۔ جملہ نقصان 2لاکھ 40ہزار بتایاجارہاہے۔
