تمام مطالبات کی اندرون ایک ماہ یکسوئی کا تیقن ، محکمہ صحت میں ایک خاتون کی بروقت تقرری
بھوپال پلی ۔ /10 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنر شریمتی تمل سائی سندرا راجن نے آج صبح ضلع بھوپال پلی کا دورہ کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر میں ریڈکراس سوسائیٹی کی جانب سے قائم کردہ جنرک میڈیکل اسٹور کا افتتاح انجام دیا ۔ بعد ازاں انہوں نے کاٹارم منڈل کے موضع بوڈا گوڈم کا دورہ کرتے ہوئے وہاں مقیم عوام سے ملاقاتیں کی ۔ اس موضع میں قیام پذیر تیس مکانات کے افراد نے انہیں درپیش مسائل سے گورنر کو واقف کروایا اور ان کے چھوٹے سے موضع میں اسکول ، ڈبل بیڈ رومس مکانات اور کاشت کے ذریعہ روزگار کے حصول کے لئے زرعی اراضی کی منظوری کی خواہش کی جس پر گورنر نے اندرون ایک ماہ تمام مطالبات کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔ انہوں نے موضع کے بچوں کی تعلیم پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے مسائل کو ضرور حل کریں گے ۔ انہوں نے صحت کی بہتر نگہداشت کیلئے موضع کی ایکونیتا نامی خاتون کو اسسٹنٹ اے این ایم کے طور پر بروقت ICDS کے تحت تقرر نامہ جاری کیا ۔ بعد ازاں گورنر نے کالیشورم مندر کا درشن کیا اور دوپہر کا کھانا کھایا ۔ گورنر نے کالیشورم پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا مشاہدہ بھی کیا اور وہاں سے میڈی گڈا اور پھر انارم بیاریج پہنچ کر تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور پانی کے ذخیرہ کی تفصیلات حاصل کی ۔ گورنر کے اس دورے کے موقع پر ضلع کلکٹر واسم وینکٹیشورلو ، ضلع انچارج ایس پی سنگران سنگھ پاٹل ، ایم ایل اے سریدھر بابو ، ڈی ایس پی مہادیو پور کے علاوہ سیاسی قائدین اور ملازم سرکار موجود تھے ۔