ضلع جج نے ضعیف شخص کے بینک قرض کی رقم اپنی جیب سے ادا کی

   

پٹنہ: بہار میں ایک ایسے ضلع جج کا واقعہ منظر عام پر آیا ہے جنہوں نے انسانیت،انصاف اور ہمدردی کا سر مزید اونچا کر دیا ہے۔جہان آباد میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق راجندر چوہان نامی ایک شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے 18 سال قبل ایک بینک سے قرض حاصل کیا تھا۔اس قرض کی رقم کا کچھ حصہ وہ غربت کے باعث ادا نہیں کرپائے۔جنہیں بینک کی جانب سے نوٹسیں روانہ کی جاتی رہیں۔اور یہ قرض کی رقم سود در سود ہزاروں روپیوں تک پہنچ گئی۔جہان آباد کی لوک عدالت میں یہ مقدمہ پیش ہوا جہاں فریقین کی سماعت کے بعد جج نے 18 ہزار روپئے یکمشت ادا کرنے کا حکم دیا لیکن چوہان کے اپس صرف پانچ ہزار روپئے تھے جبکہ ان کے ایک رشتہ کے پاس سے تین ہزار روپئے حاصل ہوئے۔جج کو جب یہ اطلاع ملی تو انہوں نے اپنی جیب سے دس ہزار روپئے نکال کر خرچ کی رقم مکمل ادا کی اور قرض کی فائل کو بند کرادیا۔