حیدرآباد میں 22 ڈسمبر کو پہلا حج تربیتی کیمپ، صدرنشین خسرو پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے منتخب عازمین کی موثر رہنمائی کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی نے 17 ڈسمبر کو تمام ضلع حج سوسائٹیوں کے صدور اور سکریٹریز کا اجلاس طلب کیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے سرکولر جاری کرتے ہوئے عازمین حج کی موثر انداز میں تربیت پر زور دیا ہے تاکہ سعودی عرب میں قیام اور مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت ہو۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج کی روانگی کے موقع پر موثر انتظامات اور ان کی تربیت سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے ضلع حج سوسائٹیوں کے صدور اور سکریٹریز کا اجلاس 17 ڈسمبر کو 11 بجے دن حج ہاوز، نامپلی میں طلب کیا ہے۔ گذشتہ سال قیام حج کے دوران تلنگانہ کے حجاج کرام کو درپیش مسائل کی روشنی میں حج کمیٹی نے تبدیل شدہ قواعد کے تحت موثر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع حج سوسائٹیوں کو اضلاع میں تربیتی کیمپس کے انعقاد کے سلسلہ میں رہنمائی کی جائے گی۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کا پہلا تربیتی کیمپ 22 ڈسمبر کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ صبح 10:30 تا شام 4 بجے منعقد ہونے والے اس پہلے تربیتی کیمپ کا صدرنشین حج کمیٹی جناب سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ افتتاح کریں گے۔ علماء کرام مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ پر خطاب کریں گے۔ عہدیداروں کی جانب سے حج انتظامات کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ خاتون عازمین کیلئے علحدہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ چھوٹے بچوں کو نہ لائیں۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ اپنے ساتھ نوٹ بک اور پین رکھیں تاکہ اہم باتوں کو نوٹ کیا جاسکے۔ مزید تفصیلات کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز نامپلی یا فون نمبر 040-23298793 پر ربط کریں۔1