ضلع رنگاریڈی میں اراضیات پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کے لیے دو ٹاسک فورس ٹیمس کی تشکیل

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ضلع رنگاریڈی میں اراضیات پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے ضلع نظم و نسق کی جانب سے اس ضلع میں سرکاری اراضیات اور تالابوں کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے ۔ رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹر کے شاشنک نے کل اس سلسلہ میں محکمہ جات ، مال ، پولیس ، آبپاشی ، میونسپلٹی ، ایچ ایم ڈی اے ، الیکٹریسٹی اور سروے ریکارڈس کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ضلع میں سرکاری اراضیات اور ذخائر آب پر غیر قانونی قبضوں کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا اور اس طرح کے قبضوں کو برخاست کرنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔ اس جائزہ اجلاس کے دوران کلکٹر نے ضلع میں سرکاری اراضیات ، تالابوں کے فل ٹینک لیول اور بفر زونس کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر نے کہا کہ ’ ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق اسپیشل ڈپٹی کلکٹر ، اے سی پی لینڈ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ اینڈ لیکس کی سطح پر دو خصوصی ٹاسک فورس ٹیمس کو تشکیل دیا گیا ہے ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ اس میں ٹیم I چار اسمبلی حلقہ جات جیسے راجندر نگر ، سیری لنگم پلی ، شاد نگر اور چیوڑلہ کی نگرانی کرے گی ۔ جب کہ ٹیم II تین اسمبلی حلقہ جات مہیشورم ، ایل بی نگر اور ابراہیم پٹنم پر توجہ دے گی ‘ ۔ نیز ڈسٹرکٹ کلکٹر نے پرجا وانی پروگرام یا ایک رسمی شکایت کے ذریعہ کی جانے والی شکایتوں کے ازالہ کے لیے فوری کارروائی کرنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے ٹاسک فورس ٹیمس سے کہا کہ سرکاری اراضیات ، تالابوں کے ایف ٹی ایل اور بفر زونس پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی شروع کی جائے اور اس میں محکمہ مال ، آبپاشی ، میونسپلٹی ، پنچایت راج اور پولیس کے مقامی عہدیداروں کی مدد لی جائے ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر نے کہا کہ سرکاری اراضیات اور تالابوں ، جھیلوں کے فل ٹینک لیول کے حدود میں اور بفر زونس میں کسی غیر قانونی تعمیر کی اجازت نہ دی جائے اور اس کے تدارک کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں ‘۔۔