ضلع رنگاریڈی میں کانگریس تقریباً ختم

   

کنڈہ ویشویشور ریڈی ہی ڈوبتی کشتی کو بچا سکتے ہیں
شمس آباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : متحدہ ضلع رنگاریڈی میں ارکان اسمبلی کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ مہیشورم رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی اور ایل بی نگر رکن اسمبلی سدھیر ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ خاص کر سبیتا اندرا ریڈی کا ٹی آر ایس میں شامل ہونا کانگریس کے لیے بھاری نقصان ہورہا ہے ۔ ان کے ہمراہ کانگریس کے کئی قائدین چیوڑلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا جلسہ عام میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ ذرائع کے بموجب سبیتا اندرا ریڈی کو وزارت کا عہدہ اور ان کے فرزند کو ایم ایل سی ٹکٹ دینے کا بھی چیف منسٹر نے اعلان کیا ۔ تانڈور رکن اسمبلی روہت ریڈی جو اب واحد رکن اسمبلی ہے جو ضلع سے کانگریس کی قیادت کریں گے ۔ چیوڑلہ رکن پارلیمنٹ کنڈہ ویشویشور ریڈی ہی اب کانگریس کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے سکتے ہیں ۔ ایک لحاظ سے ضلع رنگاریڈی میں کانگریس کا وجود ختم ہوتا نظر آرہا ہے ۔ پارلیمانی انتخابات میں چیوڑلہ کی سیٹ کافی اہمیت کی حامل ہوگی اور خود کنڈہ ویشویشور ریڈی اور کانگریس کے لیے ایک بڑا چیالنج ہوگا ۔ کنڈہ ویشویشور ریڈی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانگریس کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں ۔ اگر اس سیٹ پر ٹی آر ایس کامیاب ہوجاتی ہے تو کانگریس ضلع میں ختم ہوجائے گی ۔ سبیتا اندرا ریڈی کا فیصلہ کانگریس کیلئے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے ۔۔