ضلع رنگا ریڈی میں 348 رئیل اسٹیٹ وینچرس اور لے آؤٹس غیر قانونی

   

پلاٹس کے رجسٹریشن پر پابندی عائد، تلنگانہ حکومت کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی کارروائی

حیدرآباد۔23 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ضلع رنگاریڈی میں 348 رئیل اسٹیٹ وینچرس اور لے آؤٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ضلع رنگاریڈی کے 10منڈلوں میں موجود ان لے آؤٹس کو جو کہ پنچایت لے آؤٹس میں شامل ہیں انہیں غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انکے رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی کاروائی کے دوران حکومت نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں ضلع رنگاریڈی کے 10منڈلوں میں بنائے گئے ان وینچرس کو غیر قانونی قرار دینے کے اقدامات کئے ہیں جو کہ پنچایت لے آؤٹ میں تعمیر کئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سابقہ حکومت کے دور میں رئیل اسٹیٹ تاجرین کو من مانی کا موقع فراہم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے عدم کاروائی کے نتیجہ میں ایچ ایم ڈی اے حدود میں پنچایت لے آؤٹ حاصل کرتے ہوئے فروخت کئے گئے پلاٹس کی رجسٹری پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی ہے کیونکہ حکومت تلنگانہ کا کہنا ہے کہ ان پنچایت لے آؤٹس کے ذریعہ رئیل اسٹیٹ تاجرین معصوم غریب عوام کو لے آؤٹ منظورہ پلاٹس کے نام پر ٹھگ رہے ہیں جبکہ ایچ ایم ڈی اے حدود میں پنچایت لے آؤٹ میں پلاٹس کی فروخت کی گنجائش نہیں ہے۔ ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد کانگریس حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ پنچایت لے آؤٹس میں فروخت کئے گئے ان پلاٹس کو باقاعدہ بنانے کے بتدریج اقدامات کئے جائیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایات کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ایچ ایم ڈی اے حدود میں موجود پنچایت لے آؤٹس کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی جائے۔ حکومت تلنگانہ کے فیصلہ کے مطابق ضلع رنگاریڈی کے جن منڈلوں میں لے آؤٹس کو غیر قانونی قراردیا گیا ہے ان میں شمس آباد منڈل میں سب سے زیادہ 133 وینچرس ہیں جو کہ پنچایت لے آؤٹس کی بنیاد پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چیوڑلہ اور کندکور میں 2‘ 2 لے آؤٹس ہیں جو کہ پنچایت منظورہ لے آؤٹس کے نام پر فروخت کئے جا رہے تھے ۔شاہ آباد منڈل میں 3لے آؤٹس کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے جبکہ معین آباد میں 59لے آؤٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن کو روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ حیات نگر منڈل میں 40 پنچایت لے آؤٹس کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور سرور نگر میں 41لے آؤٹس ہیں جنہیں غیر قانونی قرار دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اسی طرح 35 لے آؤٹس جو ابراہیم پٹنم منڈل میں ہیں انہیں غیرقانونی قرار دیا گیا ہے جبکہ راجندر نگر منڈل میں 27 لے آؤٹس کو غیر قانونی قرار دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔3