واقعہ میں ملوث سرپنچ کے شوہر ٹی آر ایس لیڈر کو انکاؤنٹر کرنے مختلف تنظیموں کا مطالبہ
گمبھی راؤ پیٹ : راجنا سرسلہ ضلع کے یلاریڈی پیٹ منڈل موضع الماس پور میں گزشتہ روز ایک 6 سالہ لڑکی جس کا تعلق گریجن خاندان سے بتلایا گیا ہے کو اسی موضع کے ایک شخص رادھا راؤ شنکر جو کہ اسی موضع کے سرپنچ کا شوہر سمیت ٹی آر ایس پارٹی لیڈر ہے نے زیادتی کی ۔ جیسا ہی یہ واقعہ منظر عام پر آیا گریجن تنظیم سمیت دیگر نے برہمی کی حالت میں سرسلہ ضلع مستقر سمیت مختلف منڈل جات میں احتجاجی راستہ روکو دھرنے منظم کرتے ہوئے اس شرمناک حرکت کرنے والے رادھا راؤ شنکر کو انکاؤنٹر کے ذریعہ موت کے گھاٹ اُتارنے کی زبردست مانگ کی ۔ تاکہ آئندہ علاقے میں اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوسکے ۔ تفصیلات کے مطابق الماس پور سرپنچ کا شوہر شنکر جو کہ برسراقتدار حکومت ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے تشکیل شدہ رعیتو فلاحی تنظیم کا ڈائرکٹر بتلایاگیا ہے اپنے مکان میں کرایہ سے رہنے والے ایک گریجن خاندان کی 6 سالہ لڑکی کو اپنے گھر میں ٹی وی دیکھنے کے دوران اس طرح کی شرمناک حرکت کی تھی واقعہ کے بعد لڑکی کی طبعیت بگڑ گئی ۔ ڈاکٹروں نے لڑکی کے والدین کو بتلایا کہ اس کے ساتھ زیادتی کی گئی جس پر لڑکی سے پوچھ تاچھ کی گئی جس پر لڑکی نے بتلایا کہ مکاندار نے اس کے ساتھ غلط حرکت کی ۔ لڑکی کا بیان سامنے آنے کے بعد اس کے گھر والوں نے یلاریڈی پیٹ پولیس اسٹیشن میں رادھا راؤ شنکر کے خلاف شکایت کی اور پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے شنکر کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد علاقے کے مختلف مقامات پر اپوزیشن قائدین و مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے دھرنے منظم کرتے ہوئے اس طرح کی شرمناک حرکت کرنے والے ٹی آر ایس لیڈر شنکر کو دیشا ، سری کے واقعہ کے طرز پر انکاؤنٹر کی مانگ کرتے ہوئے راستہ روکو کیا گیا ۔ مزید اطلاعات کے مطابق واقعہ کے بعد ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے رادھا راؤ شنکر کو پارٹی سے معطل کئے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ۔
