ضلع سنگاریڈی میں محکمہ صحت کا گھر گھر فیور سروے جاری

   

Ferty9 Clinic

سنگاریڈی : ضلع سنگاریڈی میں محکمہ صحت کی جانب سے گھر گھر فیور سروے جاری ہے۔ ضلع کے 27منڈل کے 647 گرام پنچائت اور 8 بلدیات میں 3رکنی ٹیم مکانات کا دورہ کرتے ہوے فیور سروے کر رہی ہے۔ 6 مئی کو آغاز کردہ سروے میں ضلع کے جملہ 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد مکانات میں سے تاحال 3 لاکھ 35 ہزار مکانات کا سروے مکمل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ گھر گھر فیور سروے کے لیے مواضعات میں اے این ایم ، آشا ورکر، آنگن واڑی ورکر، ولج سکریٹری ، وی آر اے، پنچایت بل کلکٹر کی خدمات حاصل کی گئی اور تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوے کام انجام دیا جا رہاہے۔ منڈل سطح پر اس کام کی نگرانی تحصیلدار، ایم پی ڈی او اور ایم ای او کر رہے ہے جبکہ بلدیات میں اس کام کی نگرانی بلدیہ کمشنر، بلدیہ منیجر ، ڈی ای اور دیگر عہدیداروں کو دی گئی ہے۔فیور سروے ٹیم گھر گھر پہنچ کر عوام کا بخار چیک کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ان کی طبی تفصیلات حاصل کر رہے ہے۔ بخار، سردی، کھانسی، نزلہ، زکام، گلے میں درد، اعضاء شکنی جیسی کوئی شکایات ہونے کی جانچ اور معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک سروے میں دس ہزار افراد کو بخار ہونے کی نشاندہی کرتے ہوے انھیں میڈیکل کٹ دیا گیا۔ ادویات کا طریقہ استعمال اور احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ ادویات کے استعمال پر بھی بخار یا دیگر علامتیں کم نا ہونے پر فوری قریبی پی ایچ سی یا سرکاری دواخانے سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ گھر گھر فیور سروے کے ذریعہ عوام میں کورونا سے متعلق شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ تاہم شہری علاقوں میں گھر گھر فیور سروے ٹھیک طریقہ سے نہ ہونے کی شکایتیں بھی مل رہی ہے۔ ہمہ منزلہ رہائشی عمارتوں میں سروے ایک مسئلہ ہے۔ بعض مقامات پر کچھ افراد سروے میں چک کروانے سے گریز کر رہے ہیں۔ عوام حکومت کے اس اقدام سے بھر پور استفادہ کرتے ہوے وبائی مرض کا ابتداء میں ہی سدباب کر سکتے ہیں۔ چوکسی اور احتیاط مرض سے بچنے کا اور علامتیں ظاہر ہونے پر فوری علاج ہی موثر طریقہ ہے۔ ضلع سنگاریڈی میں تا حال 17,123 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوے جس میں سے 13,247 شفاء یاب ہوچکے اور اب 3,802 اکٹیو کیسس ہیں۔ ضلع میں ہر دن دو ہزار سے زائد ٹسٹ کئے جا رہے ہیں۔