ضلع صدر کانگریس کا انتخاب اکثریتی رائے پرہوگا :رضوان باشاہ

   

نظام آباد۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے آبزرور رضوان ارشد نے واضح کیا کہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کا تقرر اس بار کارکنوں کی اکثریتی رائے کی بنیاد پر عمل میں آئے گا۔ نظام آباد کے ہریتا ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔رضوان ارشد نے بتایا کہ اس سلسلے میں کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ضلع کو 11 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور آنے والے آٹھ دنوں کے دوران ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین کے ہمراہ تمام بلاکوں میں دورے کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جو کارکن پچھلے پانچ برسوں سے کانگریس پارٹی میں سرگرم ہیں وہ ڈی سی سی صدر کے عہدہ کے لیے امیدوار بن سکتے ہیں۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد اکثریتی کارکنوں کی رائے کے مطابق صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر تمام اسمبلی حلقوں اور منڈل سطح کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی آراء حاصل کریں گے۔اس موقع پر ارکان اسمبلی پی سدرشن ریڈی بھوپت ریڈی ،ایم ایل سی بل مور وینکٹ ،صدر نشین اردو اکیڈمی مسٹر طاہر بن حمدان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔