متحدہ ضلع میں بشمول خواتین جملہ 937 رائے دہندے ۔ وٹھل کا پرچہ نامزدگی داخل
عادل آباد : متحدہ ضلع عادل آباد سے قانون ساز کونسل رکنیت کے لئے ٹی آر ایس پارٹی کے تحت مسٹر ڈنڈے وٹھل نے عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا ، ریاستی وزیر مسٹر اے اندرا کرن ریڈی کے ہمراہ دفتر ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع الیکشن آفیسر شریمتی سکتا پٹنائیک کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ قبل ازیں مسٹر ڈنڈے وٹھل عادل آباد میں ایم ایل اے کیمپ آفس پہنچے جہاں متحدہ ضلع عادل آباد کے مختلف اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور سابق رکن قانون ساز کونسل مسٹر پی ستیش بھی موجود تھے ۔ پرچہ نامزدگی کے آج آخری دن کو محسوس کرتے ہوئے عادل آباد سے مسٹر کلا سرینواس ، نرمل سے کے شیام سندر ، سرپور ٹاؤن سے محمد سہیل احمد ، ڈنڈے پلی منڈل سے جے کانتا راؤ ، ڈنڈے پلی منڈل سے جی ترومورتی ، اندرویلی منڈل کے حیراپور سے مرزا جیلانی بیگ ، مدھول منڈل سے گوپا سائی ناتھ ، تلاوڑ گو منڈل سے چلکوری رمیش ریڈی ، جنارم منڈل سے محمد ریاض الدین ، جنارم منڈل پونکل موضع سے شریمتی جی وی ہرینی ، سارنگاپور سے پاتی ریڈی راجیشور ریڈی ، یاسر منڈل سے ایم رمیش جملہ 13 امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا جنھیں ضلع الیکشن آفیسر نے پرچہ حاصل کرنے کے بعد انھیں حلف دلایا۔ لمحہ آخر میں نرمل سے جی نارائن ریڈی نے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ آئندہ ماہ کی 10 تاریخ کو منعقد ہونے والی رائے دہی میں ضلع کے آٹھ ریونیو ڈیویژن جن میں عادل آباد سے 181، اوٹنور سے 42، منچریال سے 208 ، بیلم پلی سے 88 ، نرمل سے 151، بھینسہ سے 102، آصف آباد سے 69 ، کاغذنگر سے 96 اراکین مجلس بلدیہ ، اراکین ضلع پرجا پریشد ، اراکین منڈل پرجا پریشد کے علاوہ عادل آباد رکن لوک سبھا مسٹر سویم بابو راؤ، عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا ، مسٹر دیواکر راؤ ، سمن بالکیہ ، درگم چنیا ، جی وٹھل ریڈی ، راٹھوڑ بابو راؤ ، آترم سکو ، کونیرو کونپا اور ریاستی وزیر مسٹر اے اندرا کرن ریڈی بھی اپنے رائے دہی سے استفادہ حاصل کریں گے ۔ متحدہ ضلع عادل آباد میں جملہ 1,937 رائے دہندشمار کئے جاتے ہیں جن میں 510 خواتین کی تعداد ہے ۔
