ضلع عادل آباد کے مضافاتی علاقہ میں پھر شیر کی ہلچل

   

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) ضلع عادل آباد، بھیم پور منڈل کے گولا گھاٹ کے مضافاتی علاقہ میں پھر ایک مرتبہ گزشتہ دن شیر گھومتے پھرتے دکھائی دیا جس کی وجہ سے عوام میں زبردست ڈر و خوف اور دہشت پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں مضافاتی علاقہ میں شیر کی چہل پہل کو دیکھتے ہوئے موضع میں اسکول کو جانے سے اساتذہ گھبرا رہے ہیں اور اسکول نہیں پہونچ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ پندرہ یوم کے دوران شیر نے مسلسل مویشیوں (بیل بکریوں گائیوں) وغیرہ پر حملے کرتے ہوئے ان مویشیوں کو شدید زخمی کرنے اور ہلاک کرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ریاست مہاراشٹرا کے تپیشور جنگلاتی علاقہ سے شیر وقفہ وقفہ سے بھیم پور منڈل میں واقع جنگلاتی علاقہ میں داخل ہوکر گھومنے پھرنے سے زبردست خوف کا ماحول پایا جارہا ہے۔ بالخصوص شیر کی چہل پہل کے باعث پین گنگا سرحد پر پائے جانے والے مواضعات کے عوام میں کافی ڈر و خوف کا ماحول پایا جارہا ہے اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے ان مواضعات کے عوام نے انھیں شیر سے راحت و نجات دلانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کی خواہش کی اور مزید کہاکہ شیر کی چہل پہل کے باعث مواضعات میں عوام کا سکون ختم ہوچکا ہے۔